لاہور: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایک کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر کی گاڑی کو اوورٹیک کرنے کے بعد ہوائی فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے سیف سٹی اتھارٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا کر اسے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واقعے سے متعلق بتایا کہ وہ اہلِ خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اسی دوران ایک گاڑی نے بائیں جانب سے انہیں کراس کیا اور نوجوان نے پانچ ہوائی فائر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد گاڑی کا تعاقب کیا اور قریبی ناکے پر پولیس کو اطلاع دی۔

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق انہیں نشانہ بنا کر فائرنگ نہیں کی گئی بلکہ ہوائی فائرنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔