کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ خاتون کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت محمود کے نام سے ہوئی ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ 17 جولائی کی رات ملزم انہیں گھر چھوڑنے آیا۔ انہوں نے اسے فلیٹ کے اندر آنے کی اجازت دی، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔ خاتون کی مزاحمت اور شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بعد ازاں اپنا موبائل فون واپس لینے کے لیے دوبارہ اپارٹمنٹ آیا، تاہم خاتون کے شور مچانے پر وہ ایک مرتبہ پھر فرار ہو گیا۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرا لیا گیا ہے اور فرانزک تجزیے کے لیے ضروری نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔




