کراچی: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے پابندی 24 اگست 2026 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی (PAA) نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کو مقررہ مدت تک پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی بھارتی ایئرلائنز، بھارتی آپریٹرز کے زیرِ انتظام، ملکیت یا لیز پر حاصل کیے گئے تمام طیاروں پر لاگو ہوگی۔ اس کے علاوہ بھارتی فوجی پروازیں بھی اس پابندی کے دائرہ کار میں شامل رہیں گی۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ پابندی 24 اگست 2026 تک مؤثر رہے گی، جس کے دوران بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کر رکھی ہیں، جس میں مختلف ادوار کے دوران وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی ہے۔




