مظفرآباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہی جانوں کے نذرانوں کی بدولت آزادی نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی "شہہ رگ" قرار دیا تھا اور آج پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔
ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے متعدد انتخابات دیکھے ہیں، تاہم موجودہ انتخابات ایسے غیر معمولی حالات میں ہو رہے ہیں جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئے۔ ان کے بقول یہ انتخابات صرف سیاسی عمل نہیں بلکہ کشمیر کاز سے وابستگی، کشمیری عوام کے تحفظ اور قومی نظریے سے وفاداری کا امتحان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں آواز بلند کرنے والے سیکڑوں نوجوان لاپتا کیے گئے اور اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹ سکے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بیرونِ ملک بیٹھ کر سیاست کرنے والے افراد ان قربانیاں دینے والے کشمیریوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں؟
وزیر دفاع نے کہا کہ قوموں کے درمیان مضبوط رشتے قربانیوں سے قائم ہوتے ہیں، محض دعوؤں سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چار ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دینے والی افواجِ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔
خواجہ آصف نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سمیت پوری مسلح افواج کا رشتہ وطن سے محبت اور دفاعِ پاکستان سے عبارت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا کردار خطے میں اس قدر اہم ہو چکا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران بھی عالمی ذرائع ابلاغ پر پاکستان کا نام مسلسل نمایاں نظر آتا ہے۔




