کراچی: کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد شر نے پریا کماری کی بازیابی کے لیے ایکشن کمیٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پُرامن احتجاج کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی برس گزر جانے کے باوجود پریا کماری کو بازیاب کرانے میں سندھ پولیس کی ناکامی انتہائی تشویشناک ہے، جو لاپتا بچوں کے مقدمات کی تفتیش میں موجود سنگین خامیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پریا کماری سمیت متعدد لاپتا بچوں کو تاحال بازیاب نہ کیا جانا متعلقہ اداروں کی فوری توجہ، مؤثر اقدامات اور جوابدہی کا تقاضا کرتا ہے۔ ہر گزرتا دن متاثرہ خاندانوں کی بے چینی میں اضافہ کر رہا ہے، اس لیے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔
محمد ارشد شر نے کہا کہ وہ بحیثیت جنرل سیکریٹری کراچی بار ایسوسی ایشن، پریا کماری اور دیگر تمام لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے جاری اس پُرامن جدوجہد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر وہ اپنی برادری کے دیگر وکلا کے ہمراہ اس پُرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے تاکہ اس منصفانہ مقصد کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا جا سکے۔
انہوں نے حکومت سندھ، سندھ پولیس اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اور تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پریا کماری اور دیگر تمام لاپتا بچوں کی محفوظ اور فوری بازیابی کے لیے سنجیدہ، مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، جبکہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر لاپتا بچے کی بازیابی اور اس کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی انسانی، اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے حصول تک پُرامن، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔




