کراچی (نیوزڈیسک)

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائیاں کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے دو مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے، پلاٹینم بارز، مہنگے موبائل فونز اور دیگر قیمتی الیکٹرانکس سامان برآمد کرکے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

کسٹمز حکام کے مطابق ضبط کیے گئے سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق پہلی کارروائی میں دبئی سے آنے والے ایک مشکوک مسافر کو روک کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران 10 قیمتی پلاٹینم بارز، مہنگے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانکس اشیا برآمد ہوئیں۔ تمام سامان ضبط کر کے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری کارروائی میں دبئی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچنے والی ایک خاتون مسافر کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 229 قیراط کے قیمتی ہیرے برآمد ہوئے، جنہیں انتہائی مہارت سے چھپا کر لایا جا رہا تھا۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ دبئی سے آنے والی پروازوں کی سخت نگرانی کے باعث ہیروں اور پلاٹینم کی اسمگلنگ کی یہ بڑی کوشش ناکام بنائی گئی۔

حکام نے برآمد شدہ تمام سامان اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ کسٹمز ایکٹ کے تحت دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔