اسلام آباد: حکومت نے آئندہ تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے اور یہ 20 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیشن کی طرف لے جا رہی ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق اب اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا کرے گا۔ اس فیصلے کے تحت حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔