ویب ڈیسک: وزن کم کرنے کے لیے چاول کو مکمل طور پر غذا سے خارج کرنا ضروری نہیں، بلکہ مناسب مقدار اور متوازن انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ صحت مند غذا کا حصہ بن سکتے ہیں۔ غذائی ماہرین کے مطابق چاول صدیوں سے انسانی خوراک کا اہم جزو رہے ہیں اور جسم کو توانائی سمیت متعدد ضروری غذائی اجزا فراہم کرتے ہیں۔

کلینیکل نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر رینوکا مائنڈے کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کے لیے بنیادی غذاؤں کو ترک کرنے کے بجائے متوازن خوراک اپنانا زیادہ مؤثر حکمت عملی ہے۔ چاول جسم کو کاربوہائیڈریٹس، وٹامن بی 6، تھایامین، نیاسین، میگنیشیم، فاسفورس اور سیلینیم جیسے اہم غذائی اجزا فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان میں موجود پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس دیر تک توانائی فراہم کرتے اور بھوک کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں آدھے سے ایک کپ تک پکے ہوئے چاول کافی ہوتے ہیں۔ پلیٹ کا آدھا حصہ سبزیوں، ایک چوتھائی حصہ کم چکنائی والے پروٹین اور باقی ایک چوتھائی حصہ چاولوں کے لیے مختص کرنا بہتر ہے۔

ڈاکٹر رینوکا کے مطابق چاول پکانے کے بعد 12 سے 24 گھنٹے فریج میں رکھنے سے ان میں موجود نشاستہ ریزسٹنٹ اسٹارچ میں تبدیل ہو جاتا ہے، جو آہستہ ہضم ہوتا ہے اور وزن کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ جہاں ممکن ہو سفید چاول کے بجائے براؤن، ریڈ یا بلیک رائس استعمال کیے جائیں، جبکہ فرائیڈ رائس یا زیادہ تیل اور گھی والے چاولوں کے بجائے ابلے ہوئے یا بھاپ میں پکے ہوئے چاول صحت کے لیے زیادہ مفید ہیں۔ دال، سبزیوں اور پروٹین کے ساتھ چاول کھانے سے غذا مزید متوازن اور غذائیت سے بھرپور بن جاتی ہے۔