کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے اپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں علامہ طاہر اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور عام شہریوں نے وطن کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور وہ سب شہدا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر نظرثانی کریں گے اور اس پر پچھتاوا محسوس کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی عظیم خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سوچ و فکر کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔