شگر (رپورٹ: عابد شگری): کراچی سے تعلق رکھنے والی تین خواتین ٹریکرز نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں واقع 5,150 میٹر بلند سکوری لا پاس پانچ روز میں عبور کر کے تاریخ رقم کر دی۔ پارس، ندا اور آمنہ اس دشوار گزار ٹریک کو کامیابی سے مکمل کرنے والی پہلی خواتین قرار پائی ہیں۔
مقامی کوہ پیما محمد علی کی رہنمائی میں خواتین ٹریکرز نے اس مہم کو سر کیا۔ دورانِ سفر تیز ہواؤں، آندھی اور برفانی طوفان جیسے سخت موسمی حالات کا سامنا کرنے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے مہم کامیابی سے مکمل کی۔
کامیاب ٹریکنگ کے بعد خواتین کا کہنا تھا کہ مشکل اور نامساعد حالات بھی ان کے حوصلے پست نہیں کر سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان کے مزید دشوار گزار ٹریکس سر کریں گی اور پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش جاری رکھیں گی۔




