محراب پور (رپورٹ: ملک مشتاق احمد): محراب پور کے پیروسن روڈ پر گزشتہ رات فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار پرویز راجپر پر حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔

ایس ایچ او راجہ نوید سرفراز کی سربراہی میں ضلع بھر سے طلب کی گئی بھاری پولیس نفری نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران مبینہ ملزمان اپنے گھر خالی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں اور تلاش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات پیروسن روڈ پر معمول کی چیکنگ کے دوران رکشے میں سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار پرویز راجپر سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں نواب شاہ منتقل کیا گیا تھا۔