لاہور: ملک بھر میں نئے گھریلو گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ستمبر تک گھریلو صارفین کے لیے ایل این جی (LNG) کنکشنز پر عائد پابندی ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر کی جانب سے ایل این جی سپلائی پر عائد فورس میجر ختم ہونے کے بعد پاکستان میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز کی بحالی پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ قطر نے رواں سال اگست تک ایل این جی سپلائی کی معطلی سے متعلق فورس میجر نافذ کر رکھا ہے، جس کے باعث گزشتہ مئی میں ملک بھر میں نئے ایل این جی کنکشنز جاری کرنا روک دیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ستمبر سے قطر سے سپلائی بحال ہونے کے ساتھ ساتھ پاور سیکٹر کی جانب سے گیس کی طلب میں بھی کمی متوقع ہے، جس سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی میں بہتری آ سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پابندی ختم کرنے کا حتمی فیصلہ ستمبر میں ایل این جی کی دستیابی اور مجموعی سپلائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مئی میں گیس بحران کے باعث وزارتِ پیٹرولیم نے نئے گیس کنکشنز کے اجرا پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے نئے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنا بھی روک دیے تھے۔