راولاکوٹ: راولاکوٹ کے علاقے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کے دوران ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے شہری آبادی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بعد ازاں آزاد کشمیر پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے کارروائی شروع کی، تاہم مسلح افراد نے مبینہ طور پر پولیس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے رینجرز کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔