خیرپور: خیرپور کی مل کالونی کے رہائشیوں نے بجلی کے ٹرانسفارمر کی بار بار خرابی اور متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں ٹرانسفارمر مسلسل خراب اور جلتا رہا، تاہم واپڈا حکام نے آج تک اپنی جانب سے اس کی مستقل مرمت یا تبدیلی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔
رہائشیوں کے مطابق جب بھی ٹرانسفارمر خراب ہوتا ہے تو مل کالونی کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کرکے اس کی مرمت کراتے ہیں، لیکن ٹرانسفارمر پر ضرورت سے زیادہ لوڈ ہونے کی وجہ سے یہ دوبارہ جل جاتا ہے، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی بار بار معطل ہو جاتی ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار ایس ڈی او واپڈا خیرپور کو اس مسئلے سے آگاہ کر چکے ہیں، مگر بارہا شکایات کے باوجود تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکالا گیا، جس کے باعث علاقہ مکین شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔
مل کالونی کے رہائشی سلیم رضا سومرو، ایڈووکیٹ الطاف پٹھان، ایڈووکیٹ نسیم سہتو، ماجدپٹھان اور امیر علی کوڑیو نے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا حکام فوری طور پر علاقے کا ٹرانسفارمر تبدیل کریں یا بجلی کے نظام کو اپ گریڈ کرکے اوور لوڈنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں تاکہ شہریوں کو بار بار کی پریشانی سے نجات مل سکے۔




