اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ بلکہ اخلاقی بے حسی ہے، جس سے شہداء اور ان کے اہل خانہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، اس لیے ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص صرف تنخواہ کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش نہیں کرتا، بلکہ شہادت کے پیچھے وطن سے محبت، فرض شناسی، عقیدہ اور نظریاتی وابستگی کارفرما ہوتی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ایسے میں ان قربانیوں کو صرف تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ شہداء، غازیوں، بیواؤں، یتیموں اور پوری قوم کے جذبات کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ، لیکن وطن کے لیے جان قربان کرنے والوں کے جذبے اور ایثار کا احترام ہر صورت برقرار رہنا چاہیے۔




