لاہور: ٹریفک پولیس نے اتوار کے روز کم عمر، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں اور موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ہفتہ وار تعطیل کے دوران بڑی تعداد میں بچے اور نوجوان گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور رکشے لے کر سڑکوں پر نکلتے ہیں، جس کے باعث ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمر یا بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ گاڑی یا موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی جائے گی، جبکہ متعلقہ گاڑی صرف جووینائل پرمٹ یا قانونی دستاویزات پیش کیے جانے پر ہی چھوڑنے پر غور کیا جائے گا۔

سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے روکیں اور دورانِ سفر حفاظتی اصولوں پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔