انقرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ ہونے والا مفاہمتی عمل (ایم او یو) ختم ہو چکا ہے اور وہ ایرانی قیادت کے ساتھ مزید کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہتے۔

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے معاملے پر سخت مؤقف رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا، اس لیے امریکا کا مقصد ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کارروائی میں ایران کو سخت جواب دیا گیا اور واضح کر دیا گیا ہے کہ کسی بھی حملے کا بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

ٹرمپ نے ایران کو "کینسر" سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خطرے کا بروقت خاتمہ ضروری ہے۔ ان کے ان بیانات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے تجزیہ کار خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے جوڑ رہے ہیں۔