نئی دہلی: بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں ایک خاتون پر اپنے مبینہ آشنا کی مدد سے شوہر کو ٹوائلٹ کلینر اور بے ہوشی کی دوا کا انجیکشن لگا کر قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 35 سالہ پرشانت کی والدہ نے یکم جولائی کو پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے اپنے بیٹے کی موت کو مشکوک قرار دیا اور اپنی بہو سندھیا پر شبہ ظاہر کیا، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

پولیس کے مطابق تفتیش میں معلوم ہوا کہ سندھیا کا انیل نامی شخص سے مبینہ تعلق تھا اور دونوں پرشانت کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتے تھے۔ الزام ہے کہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے وینکٹا سائی نامی شخص کی مدد حاصل کی گئی، جس نے پہلے پرشانت کو شراب پلا کر چھت سے دھکا دیا۔ زخمی ہونے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد وہ گھر واپس آ گیا۔

تحقیقات کے مطابق گھر واپسی پر مبینہ طور پر انیل کی ہدایت پر سندھیا نے کینولا کے ذریعے پرشانت کو ٹوائلٹ کلینر اور بے ہوشی کی دوا کا انجیکشن لگایا، جس کے بعد اسے پلنگ سے نیچے دھکا دیا گیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔