کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ دورانِ پرواز لاپتا ہوگیا۔ طیارہ چلانے والی کمپنی کے مطابق گزشتہ رات 9 بج کر 21 منٹ پر طیارے کا کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

کمپنی کے اعلامیے کے مطابق طیارے میں 5 افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈ ماسٹر محمد توفیق، انجینئر عارف صدیقی اور محمد حامد شامل ہیں۔

ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کے مطابق رابطہ منقطع ہونے سے قبل پائلٹ نے کوئی "مے ڈے" کال نہیں دی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہنگامی صورتحال اچانک پیش آئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طیارہ فنی خرابی کے باعث پانچ روز تک شارجہ میں مرمت کے لیے موجود رہا اور مرمت کے بعد فیری فلائٹ کے طور پر کراچی واپس آرہا تھا۔ ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت Northern Techniques نامی کمپنی نے کی تھی۔

دوسری جانب ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعلقہ نجی کمپنی کے دفتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے ترجمان کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فعال کر دیا گیا، جبکہ کراچی کے قریب سمندر میں لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں مختلف ادارے حصہ لے رہے ہیں۔