اسلام آباد: حکومت نے چھوٹے تاجروں اور ریٹیلرز کی فکسڈ ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے خصوصی موبائل ایپ تیار کر لی ہے، جسے آئندہ ہفتے باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق رواں ہفتے ایپ کو آزمائشی بنیادوں پر لانچ کرکے اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آئندہ ماہ سے اسی ایپ کے ذریعے ملک بھر کے چھوٹے تاجروں اور ریٹیلرز کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فکسڈ ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے ریٹیلرز کو ستمبر میں اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کرانا ہوں گے۔
تاجروں کی سہولت کے پیشِ نظر موبائل ایپ اردو، انگریزی، سندھی اور بلوچی زبانوں میں دستیاب ہوگی۔ ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ ریٹیلرز کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایک خصوصی گرین پلیٹ بھی جاری کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو اب تک ملک بھر سے 35 لاکھ سے زائد ریٹیلرز کا ابتدائی ڈیٹا موصول ہو چکا ہے، جبکہ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران اس رجسٹریشن اسکیم کے ذریعے 50 ارب روپے ٹیکس ریونیو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ #ThepostDigital




