اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زیارت میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
چاروں رہنماؤں نے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی، جبکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف شکست اور ہلاکت ہوگا۔
واضح رہے کہ زیارت میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، جبکہ بعد ازاں سکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ #ThepostDigital




