نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ سے قبل ملک بھر میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مارکیٹ رپورٹس کے مطابق فی سولر پلیٹ کی قیمت میں 7 ہزار سے 9 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ 585 واٹ کی سولر پلیٹ کی قیمت 18 ہزار روپے سے بڑھ کر 27 ہزار روپے، 645 واٹ کی پلیٹ 22 ہزار روپے سے بڑھ کر 31 ہزار 200 روپے جبکہ 720 واٹ کی پلیٹ 25 ہزار روپے سے بڑھ کر 33 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سولر انورٹرز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آئندہ بجٹ میں سولر پینلز پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جسے قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔