اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں منعقدہ انڈس RAS ایکسپو 2026 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نمائش میں قائم مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو نمائش میں پیش کی جانے والی جدید دفاعی ٹیکنالوجی، مقامی تحقیق، روبوٹکس اور خودکار نظاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ جدید مصنوعات اور اختراعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر قومی دفاع، مقامی صنعتی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جبکہ ملکی سطح پر تحقیق، جدت اور دفاعی خود انحصاری کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو بھی سراہا گیا۔




