کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں شدید خشک سالی اور فصلوں کو ہونے والے بھاری نقصان کے پیش نظر ضلع کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرپارکر کے تمام سات تعلقوں میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، جہاں 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ یا غیر پیداواری ہوگئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے مطابق فصلوں کو تقریباً 90 فیصد نقصان پہنچا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ستمبر 2026 میں تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں صرف ایک سے 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ غیر متوازن بارشوں کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس پکنے سے پہلے ہی خشک ہوگئیں، جس سے زرعی شعبہ اور مقامی آبادی متاثر ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھرپارکر کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے غیر فعال آر او پلانٹس کی فوری مرمت کرکے انہیں فعال بنانے اور پانی کی فراہمی کے تمام موجودہ ذرائع بحال کرنے کا حکم بھی دیا۔
مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کو نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی مستقل فراہمی کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے خشک سالی کے باعث متاثر ہونے والے مویشیوں کے تحفظ اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی متعلقہ حکام سے سفارشات طلب کرلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تھرپارکر کے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور سندھ حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے




