اسلام آباد (11 اگست 2026): حکومت نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے 80 فیصد سے زائد مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی، جبکہ باقی مطالبات وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

حکومتی وفد اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کے درمیان چار گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، جس میں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹرانسپورٹرز کے وفد نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور وزیر پٹرولیم سے ملاقات کی۔ حکومتی حکام نے 80 فیصد سے زائد مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

حکومتی وفد کے مطابق بعض مطالبات وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق ہیں، جن پر ان سے مشاورت کے بعد سمری منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

گڈز ٹرانسپورٹ رہنماؤں کی آج بھی وزرا اور متعلقہ سیکریٹری سے ملاقات متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کا فیصلہ واپس لینے سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز گزشتہ چار روز سے ہڑتال پر ہیں اور انہوں نے اپنی گاڑیاں کھڑی کر رکھی ہیں۔