کراچی: سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے قائد عوام یونیورسٹی شہید بینظیر آباد کے پاس اروڑ یونیورسٹی سکھر کے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد سیکیورٹی ڈپازٹ فنڈز روکے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے رقم واپس منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

چیئرمین نثار کھوڑو کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں اروڑ یونیورسٹی سکھر کے مالی سال 2021 سے 2023 تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے رکن قاسم سراج سومرو، اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن سکھر پہلے قائد عوام یونیورسٹی کے ماتحت تھا، جسے 2020 میں اروڑ یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا، جبکہ اکتوبر 2022 میں اسے یونیورسٹی کے طور پر مکمل طور پر فعال کیا گیا۔ اس کے باوجود قائد عوام یونیورسٹی کی جانب سے اروڑ یونیورسٹی کے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد سیکیورٹی فنڈز اور ایک گاڑی تاحال منتقل نہیں کی گئی۔

اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کمیٹی کو بتایا کہ 2025 میں یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے قائد عوام یونیورسٹی کو رقم منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ قائد عوام یونیورسٹی سے مذکورہ رقم اروڑ یونیورسٹی کو منتقل کرائی جائے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر رقم منتقل نہ کی گئی تو ہائر ایجوکیشن کمیشن قائد عوام یونیورسٹی کی فنڈنگ سے یہ رقم براہ راست منہا کرکے اروڑ یونیورسٹی کو منتقل کرے۔