اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی تازہ کنٹری رپورٹ میں پاکستان کے لیے رواں مالی سال 2026-27 کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے، جو حکومتی ہدف اور گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے، تاہم اس کے بعد آنے والے چار مالی سالوں میں افراطِ زر کی شرح میں بتدریج کمی متوقع ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں آئندہ مسلسل پانچ سال اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو مالی سال کے دوران بھی اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں رہی، جبکہ مستقبل میں بھی اس رجحان کے برقرار رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اگر معاشی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رہا تو آنے والے برسوں میں مہنگائی پر مزید قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔