اسلام آباد: پاکستان کا 79واں جشنِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ شروع ہوگیا۔ رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوا اور شہریوں نے گھروں، بازاروں اور سڑکوں پر نکل کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں اور بازاروں کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر شاندار چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
یومِ آزادی کی خوشیاں منانے کے لیے شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت ہر عمر کے افراد نے جشنِ آزادی میں بھرپور شرکت کی، جبکہ قومی پرچم تھامے شہریوں نے وطنِ عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، جہاں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔




