اسلام آباد: ملک کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پاک فوج کی قیادت اور مسلح افواج نے عظیم شہید کی بے مثال بہادری، قربانی اور وطن سے وفاداری کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو جنگِ کشمیر کے دوران دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وہ پاکستان کے پہلے فوجی تھے جنہیں وطن کے لیے غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی آنے والی نسلوں کے لیے جرات، فرض شناسی، ایثار اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔ مسلح افواج اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ وطن کے دفاع کے لیے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے نقشِ قدم پر چلنے کا عزم برقرار رہے گا۔
رپورٹ: فقیر بشیر احمد




