لاہور: لاہور کے علاقے باغبانپورہ، سکھ نہر کے قریب ایک رہائشی مکان کی چھت گرنے سے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر مزید متاثرین کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

دوسری جانب فیصل آباد میں بھی مسلسل بارشوں کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔