ٹوکیو: جاپان کے جنوب مغربی صوبے کوماموتو میں منگل کو 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد حکام نے جنوبی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو فوری احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی ابتدائی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز اوکی شہر سے تقریباً 4 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔
شدید زلزلے کے فوری بعد جاپانی حکام نے جنوب مغربی ساحلی علاقوں کے بعض حصوں کے لیے سونامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مقامی آبادی کو ساحل سے دور رہنے، سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی۔
تاحال زلزلے سے ہونے والے جانی یا مالی نقصانات کی کوئی حتمی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم امدادی اور ہنگامی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔




