پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی سرکاری پنشنرز کے لیے نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنشن میں 7 فیصد اضافہ 30 جون 2026 تک حاصل کردہ نیٹ پنشن کی بنیاد پر دیا جائے گا، جبکہ یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین بھی اس اضافے کے حقدار ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ فیملی پنشن اور کمپیشنٹ الاؤنس کے مستحق افراد پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم اہل صوبائی پنشنرز بھی مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اس اضافے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ 7 فیصد کا یہ اضافہ پہلے سے ملنے والی خصوصی اضافی پنشن (Special Additional Pension) پر لاگو نہیں ہوگا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے اس فیصلے کو موجودہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے تناظر میں لاکھوں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔




