کراچی: کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بلوچستان سے ایک لینڈ کروزر میں خفیہ طور پر چھپائی گئی 66 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس کراچی منتقل کر رہے تھے۔ مشترکہ کارروائی کے دوران گاڑی کی تلاشی لی گئی تو بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی چرس کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے باعث اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔