کوٹ ادو : پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ مظفرگڑھ کینال میں جاگرا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 بچے تاحال لاپتا ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک حادثہ سنانواں کے قریب شیخو شوگر ملز کے مقام پر پیش آیا، جہاں باراتیوں کو لے جانے والا لوڈر رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں جاگرا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رکشے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے فوری امدادی کارروائی شروع کی۔

ریسکیو اہلکاروں نے 11 افراد کو بحفاظت نہر سے نکال لیا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران 6 افراد کی لاشیں بھی نکالی جاچکی ہیں۔

حکام کے مطابق لاپتا 9 بچوں کی عمریں 3 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ بچوں کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں نہر میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امدادی ٹیموں نے رات کے وقت بھی فلڈ لائٹس کی مدد سے سرچ آپریشن جاری رکھا، جبکہ نہر کے اطراف وسیع علاقے میں لاپتا افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔

حادثے کے باعث علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا ہے، جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا بچوں کی تلاش تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔