اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کر سکیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کی اور کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کے مطابق ایمرجنسی کی منظوری دی۔ پی ٹی آئی صدرِ پاکستان اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، تاہم اپوزیشن کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ نہ کرنے کی کیا ٹھوس وجوہات ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات میں شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ایمرجنسی نافذ کرنا کوئی خوشی کی بات نہیں، تاہم حکومت نے مجبوری میں یہ قدم اٹھایا ہے اور ایمرجنسی ہمیشہ کے لیے نافذ نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ سے پہلے مذاکرات کو موقع دیا گیا۔ جب پہلی مرتبہ معاملہ صدرِ مملکت کے پاس آیا تو اپوزیشن سے بات چیت کا فیصلہ کیا گیا۔ مذاکراتی کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے دو نمائندے بھی شامل تھے اور انہیں بتایا گیا تھا کہ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ سیاسی اور قانونی حالات میں پی ٹی آئی کا بھی کردار ہے۔ ان کے بقول، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سیاسی خودکش حملہ کیا ہے اور اپوزیشن کو بھی اپنے کردار پر غور کرنا ہوگا۔

دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد ضروری ہے، بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ کوئی ایک فرد یا ادارہ تنہا دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے بھارت پر پاکستان میں علیحدگی پسند عناصر کے ذریعے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی مختلف مقامات پر آپریشن سندور کے جاری رہنے کی بات کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے حل کے لیے درمیانی راستہ نکالا جائے اور اپوزیشن کی جانب مذاکرات کا ہاتھ بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے تاکہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متفقہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔