ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ بوگی سے مزید ایک لاش نکالے جانے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، تاہم ڈیڑھ سالہ لاپتا بچی کی تلاش جاری ہے۔

رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اترنے کا واقعہ صبح تقریباً سوا 5 بجے پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کی رفتار تیز تھی، تاہم ریلوے حکام نے حادثے کی حتمی وجہ بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کام کر رہی ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ ڈاؤن ٹریک کو تین سے چار گھنٹے میں بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ریلوے اسٹیشن منتقل کرنے کے لیے دوسری کوچ بھی فراہم کردی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں سے اظہارِ افسوس کیا اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔