کراچی: آج آسمان پر فلکیاتی شائقین کے لیے ایک نایاب منظر دیکھنے کو ملے گا، جب 6 سیارے طلوع آفتاب سے قبل ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔
ماہرین سپارکو کے مطابق مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون سورج طلوع ہونے سے تقریباً 45 سے 60 منٹ قبل مشرقی افق پر نظر آئیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مریخ، زحل اور مشتری کو بغیر کسی آلے کے دیکھا جاسکے گا، جبکہ عطارد افق کے انتہائی قریب ہونے کے باعث اس کا مشاہدہ نسبتاً مشکل ہوگا۔
یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔
ماہرین کے مطابق 6 سیاروں کا ایک ساتھ نظر آنا دراصل زمین سے دیکھنے کا زاویہ ہے، یہ ضروری نہیں کہ خلا میں تمام سیارے حقیقتاً ایک ہی سیدھی لائن میں موجود ہوں۔




