کراچی: شہر قائد کی مصروف شاہراہ شارع فیصل پر اچانک بریک لگنے کے باعث پیش آنے والے چین ری ایکشن حادثے میں 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں نرسری سے ایئرپورٹ جانے والے ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب آگے چلنے والی ایک گاڑی نے اچانک بریک لگائی، جس کے باعث پیچھے آنے والی پانچ گاڑیاں بروقت نہ رک سکیں اور ایک دوسرے سے جا ٹکرائیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں 2 سرکاری اور 4 نجی گاڑیاں شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
حادثے کے بعد شارع فیصل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ ٹریفک پولیس موقع پر پہنچ کر متاثرہ گاڑیوں کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کرنے میں مصروف رہی۔




