عابد شگری | دی پوسٹ ڈیجیٹل، شگر: پاکستان کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم ہو گیا۔ الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسر گنگ مہم کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ خواتین کوہ پیماؤں نے 17 جولائی کو 6,040 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی کامیابی سے سر کر کے تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔

کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں، جنہوں نے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں خواتین کی کوہ پیمائی کے شعبے میں ایک نئی مثال قائم کی۔

مہم کی قیادت بی بی افزون نے کی، جبکہ معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سادپارہ، صادق حسین سادپارہ اور الیاس ہُشے نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔ خسر گنگ پر روپ فکسنگ کے فرائض قائد شگری نے انجام دیے، جن کی مہارت نے ٹیم کی محفوظ پیش قدمی میں اہم کردار ادا کیا۔

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے کامیاب خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی خواتین کے عزم، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق خسر گنگ کی کامیاب سمٹ پاکستان میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

الپائن کلب آف پاکستان نے اس تاریخی کامیابی پر تمام خواتین کوہ پیماؤں، گائیڈز، تکنیکی عملے اور معاون اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔