کراچی: معروف اداکارہ اور میزبان صنم جنگ نے کراچی کے ای چالان سسٹم سے متعلق اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان واپس آنے کے صرف ایک ماہ کے دوران انہیں ڈرائیونگ کے چھ ای چالان موصول ہوئے، جن میں بعض ایسے بھی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔
صنم جنگ نے انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں بتایا کہ انہیں پاکستان آئے ابھی ایک ماہ ہوا ہے، لیکن اس مختصر عرصے میں مسلسل ای چالان ملنے پر وہ خود بھی حیران ہیں، جبکہ ان کے والد بھی اس صورتحال پر خاصے ناراض ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ پہلا جرمانہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر ہوا تھا، جسے وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ گاڑی چلاتے ہوئے فون استعمال کر رہی تھیں تو اس پر جرمانہ درست تھا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ بعد میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے سمیت دیگر خلاف ورزیوں کے بھی چالان موصول ہوئے، حالانکہ وہ ہمیشہ گاڑی چلانے سے پہلے سیٹ بیلٹ باندھتی ہیں۔ ان کے بقول بیرونِ ملک رہنے کے باعث سیٹ بیلٹ لگانا ان کی مستقل عادت بن چکی ہے اور وہ اس کے بغیر گاڑی اسٹارٹ بھی نہیں کرتیں۔
صنم جنگ نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ایسے کاموں پر بھی جرمانے کیوں کیے جا رہے ہیں جو انہوں نے کیے ہی نہیں۔ ان کے مطابق ایک طرف ای چالان موصول ہو رہے ہیں اور دوسری طرف گھر میں بھی انہیں اس معاملے پر ڈانٹ سننا پڑ رہی ہے۔
اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی ای چالان سسٹم سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے، جبکہ بعض نے غلط جرمانوں کی شکایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مؤثر جانچ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔




