کراچی: لانڈھی سوشل سکیورٹی اسپتال میں سامنے آنے والے ایچ آئی وی کیسز کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے سات روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر نائلہ ظہیر کی سربراہی میں قائم کمیٹی اسپتال میں ادویات اور ڈسپوزیبل طبی سامان کی خریداری، دستیابی اور استعمال کا تفصیلی آڈٹ کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) اقدامات، بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ اور متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقاتی کمیٹی لانڈھی اسپتال میں رپورٹ ہونے والے تمام ایچ آئی وی کیسز، لیبارٹری رپورٹس اور مریضوں کے ریکارڈ کی تصدیق کرے گی، جبکہ متاثرہ مریضوں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور ان کے اہل خانہ کے ریکارڈ کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایچ آئی وی کیسز کے ممکنہ ذرائع، وبائی روابط، انجیکشن لگانے کے طریقہ کار اور ڈسپوزیبل سرنجوں کے استعمال کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کا جامع ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق انکوائری کمیٹی ذمہ دار افراد یا اداروں کا تعین کرتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قابلِ عمل سفارشات بھی پیش کرے گی۔




