لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہنگائی کے باعث گھر کی تعمیر اور مرمت میں مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر کی چھت کی تعمیر یا مرمت کے لیے مستحق افراد کو 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "اپنا گھر اسکیم" کے تحت دو سال کے دوران 2 لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ جن افراد کے پاس اپنی زمین موجود نہیں تھی، انہیں 5 مرلے کے پلاٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور نئی اسکیم کے ذریعے گھر کی مرمت اور چھت کی بحالی کے لیے بھی مالی امداد دی جائے گی۔
مریم نواز نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ حکومت صرف لاہور پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں سرکاری اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور نواز شریف اسکول صوبے کی ہر تحصیل میں قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے 25 ارب روپے مالیت کا پروگرام جاری ہے، جس کے تحت روزانہ 12 لاکھ بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایئرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں، واسا کے نظام کو وسعت دی جا رہی ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور مشین لرننگ جیسی جدید مہارتیں سیکھنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔




