کراچی کے علاقے بن قاسم، گلشنِ فلک ناز میں ایک گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں میاں بیوی، خاتون کی بہن اور دو کم عمر بچیاں شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے اسے مبینہ خودکشی اور دیگر ممکنہ پہلوؤں سے جانچنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 30 سالہ شاہزیب، اس کی 28 سالہ اہلیہ صبا، 20 سالہ بہن شمائلہ اور ان کی دو بیٹیوں، پانچ سالہ ایزل اور تین سالہ آریہ کے نام سے ہوئی ہے۔ گھر اندر سے بند تھا، جس پر مالک مکان نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی۔
حکام کے مطابق میاں بیوی کی لاشیں صوفے پر تھیں، جبکہ شمائلہ اور دونوں بچیوں کی لاشیں چادر سے ڈھکی ہوئی تھیں۔ جائے وقوعہ سے ایک پستول اور شاہزیب کی جیب سے ایک خط بھی ملا ہے۔ پولیس نے شواہد جمع کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوان خاتون کو زہر دیے جانے کا شبہ ہے، جبکہ میاں بیوی کے سروں پر گولی لگنے کے نشانات پائے گئے ہیں۔ تاہم ہلاکتوں کی اصل وجہ تاحال حتمی طور پر سامنے نہیں آئی۔ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھیج دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیزادہ کے مطابق گھر کے مالک کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام نے مالی مشکلات کو واقعے کا ممکنہ سبب قرار دیا ہے، تاہم اس پہلو سمیت تمام شواہد کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کے مطابق حتمی نتائج پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیے جا سکیں گے۔




