دبئی: متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں حکومت نے 5 سالہ ملٹی پل انٹری سیاحتی ویزے کی شرائط میں نمایاں نرمی کرتے ہوئے اسپانسر یا میزبان کی شرط ختم کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق، نئی پالیسی کے تحت ویزا ہولڈر بغیر کسی اسپانسر کے سال میں متعدد بار متحدہ عرب امارات کا سفر کر سکے گا۔ ہر بار آمد پر 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید 90 دن کی توسیع بھی حاصل کی جا سکے گی، تاہم ایک کیلنڈر سال میں مجموعی قیام 180 دن سے زیادہ نہیں ہو سکے گا۔

حکام کے مطابق، اس ویزے کے لیے درخواست دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے ذریعے جمع کرائی جائے گی۔ درخواست کے وقت امیدوار 30، 60 یا 90 دن فی وزٹ قیام کی مدت کا انتخاب کر سکتا ہے، جس میں بعد ازاں مقررہ ضوابط کے تحت توسیع بھی ممکن ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کا مقصد سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور بار بار سفر کرنے والے افراد کے لیے دبئی آمد کو مزید آسان اور سہل بنانا ہے۔