اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد میں اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر "قراقرم ون" کا افتتاح کردیا، جسے ملک میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسکائی 47 منصوبہ پاکستان کی قومی سائبر سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے منصوبے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد ہیں اور قومی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات اور چیلنجز کا عزم اور اتحاد کے ساتھ مقابلہ کیا جائے تو غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی اور مشترکہ کوششوں سے پاکستان ہر بڑے ہدف کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ منصوبہ ملک میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیٹا اسٹوریج اور کلاؤڈ سروسز کی استعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرکاری و نجی شعبے میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھی اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔




