مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 46 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد اسمبلی کا ایوان مکمل ہوگیا، جس کے بعد اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔

آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں خواتین کی 5 نشستوں میں مسلم لیگ ن کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیا خورشید کامیاب ہوئیں۔ زوبیا خورشید اور رفعت عابد کے برابر 5، 5 ووٹ آنے پر قرعہ اندازی کی گئی، جس میں زوبیا خورشید کامیاب قرار پائیں۔

علما و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید شاہ، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار گیلانی جبکہ اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں کامیاب ہوئے۔

مجموعی طور پر مسلم لیگ ن نے 31 اور پیپلز پارٹی نے 14 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ عوامی دست و بازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ ن سے اتحاد کے بعد ن لیگ کی مجموعی نشستیں 32 ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب پونچھ اور سدھنوتی میں انتخابات نہ ہونے کے باعث 7 ارکان کے بغیر حکومت سازی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔