سندھ ہائیکورٹ میں نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت، بیرسٹر علی طاہر کے اصرار پر آئندہ سماعت 28 اکتوبر کو مقرر

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں ایم پی او کے تحت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سندھ حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران نظر بندی کے معاملے پر جلد تاریخ مقرر کرنے کی درخواست پر عدالت اور درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اختیار کیا کہ نظر بندی کا حکم صرف 30 دن کے لیے ہے، اس لیے 45 دن بعد سماعت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 43 افراد جیلوں میں بند ہیں اور ان کے اہل خانہ مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ یہ شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کا معاملہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بغیر ایم پی او کے تحت نظر بندی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سینکڑوں افراد جیلوں میں ہیں اور سب کے مقدمات اہم ہیں۔ اس پر بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق جیل میں موجود شخص یا تو زیرِ سماعت مقدمے کا قیدی ہوتا ہے یا سزا یافتہ۔

عدالت کی جانب سے سماعت 4 نومبر تک ملتوی کرنے کا کہا گیا تو بیرسٹر علی طاہر نے جلد سماعت کی استدعا دہرائی اور درخواست کی کہ ان کے اعتراضات عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں۔

بعد ازاں بیرسٹر علی طاہر کے اصرار پر عدالت نے سماعت کی تاریخ تبدیل کرکے 28 اکتوبر مقرر کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگلے ہفتے سماعت مقرر کرنے کی صورت میں فریقین کو نوٹس کی تعمیل میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ تمام فریقین کو نوٹس کی تعمیل کروانا ان کی ذمہ داری ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اقبال میمن کو بھی ذاتی حیثیت میں نوٹس جاری کرتے ہوئے سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر کو ہوگی۔