کراچی: شہر قائد میں حبس کے ساتھ گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ نمی کے بلند تناسب کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ دن بھر مطلع صاف رہے گا اور تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔ مغربی سمت سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش برسانے والے بادل بننے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نمی اور کم رفتار ہواؤں کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زائد ہو سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




