ٹنڈوالہیار: (طارق حمید عباسی) ٹنڈوالہیار کی مدینہ کالونی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک شخص نے اپنے چار سالہ بیٹے کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچے، لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ممتاز کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
مقتول بچے کی والدہ فاطمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کا شوہر رات تقریباً تین بجے گھر آیا اور سوتے ہوئے اپنے چار سالہ بیٹے فیاض پر چھریوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوں تو ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




