سان ڈیاگو: امریکا کا جدید ترین ایف-35 بی اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں میرامار ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے دوران پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کے ذریعے خود کو طیارے سے باہر نکال لیا، جس کے باعث وہ محفوظ رہا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق امریکی میرین کور نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ جمعہ کے روز پیش آیا۔ زخمی پائلٹ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دو ایف-35 طیارے ایک ساتھ ایئر بیس کی جانب آ رہے تھے۔ ایک طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا جبکہ دوسرا رن وے تک پہنچنے سے پہلے اچانک رفتار کم ہونے کے بعد زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
واقعے کی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا، جبکہ امدادی ٹیموں، فوجی اہلکاروں اور فائر فائٹرز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے ایف-35 بی کی مالیت تقریباً 109 ملین امریکی ڈالر ہے۔ یہ طیارہ مختصر رن وے سے ٹیک آف اور عمودی لینڈنگ کی جدید صلاحیت رکھتا ہے اور امریکی میرین کور کے اہم ترین جنگی طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔
فلائٹ سیفٹی فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال امریکا میں فوجی طیاروں کے کم از کم سات حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں ایف-35 طیاروں کے کئی حادثات بھی شامل ہیں۔




